اڈپی،15؍اکتوبر (ایس او نیوز) پولیس نے منی پال آر ٹی او دفتر کے قریب برہماور کے رہنے والے محمد افضل کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے پاس موجود 4.63 لاکھ روپے کی ممنوعہ نشہ آور اشیاء ضبط کرلی گئی ہے۔
منی پال پولیس کی طرف جاری بیان میں کہا گیا ہے مصدقہ اطلاع کی بنیا د پر پولیس انسپکٹر منجوناتھ نے کنداپور کے اے ایس پی اور گزیٹیڈ آفیسر ناگ راج کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ مقام پر پہنچ کر محمد افضل سے پوچھ تاچھ کی ۔ اس نے بتایا کہ وہ اور اس کے دوست فرحان اور صفا نے آن لائن آرڈر سے نشہ آوراشیاء منگوائی تھی اور اب کالج کے طلبہ کو یہ چیزیں فروخت کرنے کے لئے وہ اس مقام پر آیا ہے اور اپنے دوستوں کا انتظار کررہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تلاشی لینے پر اس کے پاس سے ممنوعہ ایم ڈی ایم اے کی 54 گولیاں اور 30گرام بروؤن شوگر ، ۲ موبائل فون، ووٹر آئی ڈی، ڈیبیٹ کارڈس اور ڈاک سے بھیجی گئی پارسل آنے کی سلپ ضبط کرلی گئی ہے۔منی پال پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر لیا گیا ہے۔